اسلام آباد(نیوزڈیسک) وفاقی حکومت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے گریڈ 17 تا 22 کے افسران کی تنخواہوں میں ہیڈ کوارٹر الاؤنس 2023ء کی مد میں 140 فیصد مشروط اضافہ کردیاہے۔یہ الاؤنس صرف ایف بی آر میں تعینات افسران کو ملے گا۔ ہیڈ کوارٹر الاؤنس کا اطلاق یکم نومبر 2023ء سے کیا گیا ہے جب کہ 140 فیصد ہیڈ کوارٹر الاؤنس 30 جون 2022ء کی بنیادی تنخواہ پر ملے گا۔وزارت خزانہ کے ریگولیشن ڈیپارٹمنٹ نے ایف بی آر افسران کو یکم نومبر سے 30 جون 2022ء کی بنیادی تنخواہ پر 140 فیصد ہیڈ کوارٹر الاؤنس فراہم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرکے کاپی اکاؤنٹنٹ جنرل آف پاکستان اسلام آباد کو بھجوادی ہے اور ساتھ ہی چیئرمین ایف بی آر اور سیکرٹری ریونیو ڈویژن کو بھی کاپی ارسال کردی گئی ہے۔دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ 140 فیصدہیڈ کوارٹر الاؤنس 2023ء صرف ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں تعینات گریڈ 17 تا 22 افسران کو ملے گا جب کہ140 فیصدہیڈ کوارٹر الاؤنس 2023ء لینے والے ایف بی آر ہیڈ کوارٹر کے گریڈ 17 تا 22 کے افسران کو ملنے والا پرفارمنس الاؤنس اور ایف بی آر کی دوسری فکس مراعات منجمد ہوجائیں گی۔