اسلام آباد (نیوزڈیسک) نو منتخب صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموںو کشمیر شاہ غلام قادر نے کہا کہ محمد نواز شریف پاکستان کی ترقی کی علامت ہیں مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کے عوام کے حقوق کا بھرپور تحفظ کرے گی۔مسلم لیگ(ن) کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے پاکستان ترقی کرے گا تو آزاد کشمیر میں ترقی ہو گی محمد نواز شریف نے اپنے گذشتہ دور حکومت میں آزاد کشمیر کی تعمیر وترقی اور خوشحالی کیلئے وافر ترقیاتی فنڈز فراہم کیے اورمالیاتی خود مختاری دی۔ حکومت آزاد کشمیر ہوش کے ناخن لے اگر ہم حکومت کے اتحادی ہیں تو یکطرفہ فیصلے قبول نہیں کریں گے مسلم لیگی وزراءپر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوامی امنگوں کے مغائر فیصلوں پرنظر رکھیں۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی نظریں محمد نوا ز شریف اور پاکستان پر مرکوز ہیں۔21 اکتوبرکو آزاد کشمیر سے مسلم لیگی کارکنان نے اپنے قائد محمد نوا زشریف کا فقید المثال استقبال کر کے ثابت کیاکہ آزاد کشمیر کے عوام کل بھی محمد نواز شریف کے ساتھ تھے اور آج محمد نواز شریف کے ساتھ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموںو کشمیر کی مرکزی جنرل کونسل کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں پارٹی دستور کے تحت پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموںو کشمیر کے مرکزی عہدیداران کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ شاہ غلام قادر کو مسلم لیگ(ن) آزاد جموں کشمیر کا بلامقابلہ صدر، راجہ مشتاق احمد منہاس کو سینئر نائب صدر، چوہدری طارق فاروق سیکرٹری جنرل، چوہدری محمد عزیز، ڈاکٹر محمد نجیب نقی، راجہ نصیر احمد خان ،محترمہ نورین عارف صاحبہ نائب صدور منتخب ہوئے جبکہ سردار عبدالخالق وصی ڈپٹی سیکرٹری جنرل، بیرسٹر سیّد افتخار گیلانی سیکرٹری اطلاعات اور محترمہ مریم کشمیری صدر بلامقابلہ صدر خواتین ونگ منتخب ہو گئی۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، محمد حنیف عباسی، چوہدری رخسار احمد، سیّد نصیب اللہ گردیزی اور راجہ افتخار ایوب پر مشتمل پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموںو کشمیر کی پانچ رکنی الیکشن اتھارٹی نے انتخابی عمل مکمل ہو نے پر کامیاب امیدواران کا اعلان کیا اور چوہدری رخسار احمد نے انتخابی عمل پر الیکشن اتھارٹی کی جانب سے رپورٹ پیش کی۔ اجلاس سے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے بھی خطاب کیا اور نو منتخب عہدیداران کو مبارک باد پیش کی۔ ممبر مرکزی جنرل کونسل سردار مظہر محبوب ایڈووکیٹ نے ابتدائی اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دئیے۔سابق وزیر حکومت سیّد شوکت علی شاہ نے اجلاس میں قرارداد پیش کی جس کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر کی جنرل کونسل کا یہ اجلاس قائد محترم محمد نواز شریف کی طویل علالت کے بعد روبصحت ہو کر پاکستان آمد پر انہیں خوش آمدید کہتا ہے اور 21 اکتوبر 2023 کو مینار پاکستان لاہور میں قائد محترم کے فقید المثال اور تاریخ ساز استقبال اور بصیرت افروز خطاب پر اظہار تشکر اور ہدیہ تبریک پیش کرتا ہے۔یہ اجلاس پاکستان مسلم لیگ( ن) آزاد کشمیر کے کارکنان کی ہزاروں کی تعداد میں قائد محترم کے استقبال اور قائد کی طرف سے اظہار تشکر و تحسین پر مسلم لیگ (ن) ازاد جموں کشمیر کی قیادت اور کارکنان کو مبارکباد پیش کرتاہے اور اس توقع کا اظہار کرتا ہے کہ مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر کے کارکنان ہمیشہ اپنے قائد اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے شانہ بشانہ قدم بہ قدم ساتھ ہونگے۔کونسل کا یہ اجلاس قائد محترم کی آمد کے بعد بلوچستان اور پاکستان کے دیگر صوبوں میں بڑی قد آور سیاسی شخصیات کی مسلم لیگ ن میں شمولیت پر قائد محترم جناب محمد نواشریف،صدر پاکستان مسلم لیگ( ن) محمد شہباز شریف، چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مسلم لیگ( ن) محترمہ مریم نواز شریف اور انکے جملہ رفقاءکو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہے اور اس توقع اور یقین کا اظہار کرتا ہے کہ فروری 24 کے آمدہ الیکشن میں قائد محترم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) برسر اقتدار آکر ووٹ کو عزت دو کے ویژن کی روشنی میں پاکستان و آزاد جموں کشمیر کے عوام کو درپیش مہنگائی،بے روزگاری،دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں ترقی و خوشحالی کے نئے باب رقم کرے گی۔ان شا اللہ۔سینئر وزیر حکومت کرنل (ر) وقار احمد نور نے اجلاس میں قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں وکشمیر کی جنرل کونسل کا یہ اجلاس الیکشن اتھارٹی آزاد جموںو کشمیر کی جانب سے کئے گئے آج کے انتخابی عمل کی توثیق کرتے ہوئے نو منتخب عہدیداران کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتا ہے اور اس توقع کا اظہار کرتا ہے کہ نو منتخب عہدیداران قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات،قائد محترم محمد نواز شریف کے ویژن و گائیڈ لائن اور صدر پاکستان مسلم لیگ( ن) جناب محمد شہباز شریف کی ہدایات و پالیسیوں کی روشنی میں پاکستان و آزاد جموں وکشمیر کے آئین و قانون کی بالادستی،ترقی و خوشحالی اور آئین میں درج سیاسی و سماجی حقوق کے تحفظ و حصول کیلئے اپنے فرائض منصبی سر انجام دیں گے اور بہ حیثیت کشمیری نظریہ الحاق پاکستان پر قائم رہیں گے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کی مرکزی جنرل کونسل کا یہ اجلاس نو منتخب صدر جناب شاہ غلام قادر کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ بہ منشاءدفعہ 65 آئین پاکستان مسلم لیگ( ن)، آزاد جموں وکشمیر کے بہتر مفاد اور سیاسی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے دیگر عہدیداران بشمول ونگز کی نامزدگی کرنے کے مجاز ہونگے۔ اجلاس میں ذوالفقار علی ملک نے قرارداد پیش کی جس کے مطابق جنرل کونسل کا یہ اجلاس قائد محترم جناب محمد نواز شریف کے استقبالیہ جلسہ میں شرکت کے بعد واپسی پر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے ممبر مرکزی مجلس عاملہ و سابق سیکرٹری گورنمنٹ آزاد کشمیر ڈاکٹر محمود الحسن راجہ کی حادثاتی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیتا ہے کہ ڈاکٹر محمود الحسن راجہ مسلم لیگ (ن) کا قیمتی اثاثہ تھے۔ان کی حادثاتی موت سے جماعت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے اور مسلم لیگ (ن) اپنے ایک نظریاتی، تجربہ کار اور مخلص سیاسی ورکر سے محروم ہو گئی ہے۔مرحوم کی سیاسی سماجی اور جماعتی خدمات کو مدتوں یاد رکھا جائیگا۔ دعا ہے کہ اللہ پاک مرحوم کے درجات بلند کرے اور جملہ لواحقین کو صبر جمیل سے نوازے۔ آمین ۔اجلاس میںسابق وزیر حکومت ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی نے مسئلہ کشمیر پر قرارداد پیش کی جس کے مطابق یہ اجلاس مقبوضہ کشمیر کے عوام کی لازوال جدوجہد،بے مثال قربانیوں اور غیر معمولی استقامت و پامردی پر خراج تحسین پیش کرتا ہے اور پاکستان کے عوام اور حکومت کی کشمیریوں کی جدوجہد سے غیر معمولی کمٹمنٹ اور حق خودارادیت کے منصفانہ حق کی جدوجہد میں سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کو انتہائی قدر سے دیکھتا ہے اور اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروںکی توجہ مقبوضہ کشمیر کی جانب مبذول کرواتا ہے کہ بھارت کے جارحانہ، غیر قانونی، غیرانسانی ، جابرانہ اور توسیع پسندانہ اقدامات نے غیر مستحکم خطے میں امن وسلامتی کے لئے خطرات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ یہ نمائندہ اجلاس جموں وکشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر فوری عمل درآمد پر زور دیتے ہوئے قرار دیتا ہے کہ مقبوضہ وادی میں صورتحال ناقابل برداشت ہے اور اس امر کا اعادہ کرتا ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد عالمی سطح پر جائز، پرامن اور اپنے منصفانہ حق کے لئے تسلیم شدہ ہے اور کشمیری قوم اپنی آزادی کی خاطر اپنی تمام تر جدوجہد جاری رکھیں گے۔ وزیر حکومت سردار عامر الطاف خان نے فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے قراردار پیش کہ جس کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کونسل کا یہ اجلاس اسرائیل اور اسکے حاشیہ بردار ممالک کی جانب سے اہل فلسطین پر ڈھائے جانیوالے مظالم، جنگی جرائم اور معصوم بچوں اور بے گناہ افراد کے بہیمانہ قتل وغارت کی پرزور مذمت کرتا ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور دیگر بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کرتا ہے کہ اسرائیل کو فوری طوری پر جنگ بندی پر پابند کرتے ہوئے یہ مظالم بند کروانے اور فلسطین کے عوام کا اپنی سرزمین پر اپنی مرضی کی حکومت کا حق تسلیم کرتے ہوئے غزہ اور دیگر علاقوں سے فوری طور پر قبضہ ختم کرے پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں کشمیر قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں منظور کی گئی جملہ قراردادوں اور پالیسی کی روشنی میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتی ہے اور انہیں یقین دلاتی ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی ہندوستان سے آزادی اور فلسطین پر اسرائیلی قبضے کے خاتمے کیلئے ہماری یکساں جدوجہد منزل کے حصول تک جاری رہے گی۔ سابق وزیر حکومت حافظ احمد رضا قادری نے اختتامیہ دعا کی۔