مظفرآباد(نیوزڈیسک) سابق وزیراعظم آزاد کشمیرسردار عبدالقیوم نیازی نے کہاہے کہ آزادکشمیر کو درپیش موجودہ حالات وبحرانوں کاایک حکمت عملی کے تحت حل ناگزیر ہے، اس حوالے سے فوری اسمبلی کابھی اجلاس بلایا جائے تاکہ اس اجلاس میں تمام معاملات کو زیربحث لایا جائے۔ سابق وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنے بیان میں کہا کہ آزادکشمیر کی تعمیر وترقی کیلئے تمام اضلاع میں مساوی بنیادی پر فنڈز خرچ کئے جائیں،عوام کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں،بجلی، آٹے اور دیگر بحرانوں کے باعث عوام مشکلات کا شکار ہے، ہم نے اپنے دورحکومت میں آزادکشمیر کیلئے وافر فنڈز دئیے، اگر ہماری حکومت کو ختم نہ کیا جاتا تو آزادکشمیر کے اندر تاریخی پروجیکٹ جن کا ابتدائی ورک میں نے بطور وزیراعظم مکمل کرکے حکومت پاکستان کو دیا تھا آج پایہ تکمیل کو پہنچ ہوتے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن لڑنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جانے چاہیے۔