نئی دہلی (نیوزڈیسک)بھارت کی ریاست اُتر پردیش کی ایودھیا جیل کے عملے نے98 سالہ بزرگ قیدی کی رہائی پر الوداعی تقریب کا انعقاد کیا۔بھارتی ٹی وی کے مطابق ایک مقدمے میں اتر پردیش کی ایودھیا جیل میں 5 سال تک قید میں رہنے والے رام سورت نامی 98 سالہ ایک قیدی کو رہائی مل گئی ہے۔اس شخص کو دفعہ 452، 323 اور 352 آئی پی سی کے تحت سزا سنائی گئی تھی اور اب رہائی ملنے پرجیل کے عملے نے اس بزرگ قیدی کے لیے الوداعی تقریب کا انعقاد کیا، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔اس ویڈیو کے آغاز میں سپرِنٹنڈنٹ کو رہائی پانے والے ضعیف العمر قیدی کو ہار پہناتے دیکھا جا سکتا ہے۔سپرِنٹنڈنٹ قیدی سے یہ کہتے نظر آ رہے ہیں کہ پولیس انہیں ان کے گھر پر چھوڑ دے گی جس کے بعد ویڈیو کے اگلے حصّے میں انہیں بوڑھےقیدی کو کار تک لے جاتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے ہندی زبان میں لکھا گیا کہ98 سالہ شری رام سورت جی کو ان کی رہائی پر کوئی لینے نہیں آیا، اس لیے جیل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل ایودھیا مسٹر ششی کانت مشرا پتراوت انہیں اپنی گاڑی میں ان کے گھر بھیج رہے ہیں۔