وادی نیلم (نیوز ڈیسک)آزادکشمیر کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری سیاحتی مقامات رتی گلی جھیل،بابون ویلی،شونٹھر اور پتلیاں جھیل کے علاقوں میں دوسرے روز بھی برفباری سے موسم سرد ہو گیا ۔ سیاحتی مقامات نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی جس سے سیاحتی مقامات کے نظارے دلفریب اور حسن میں اضافہ ہو گیا ،دوسری جانب قبل ازوقت برفباری سے بالائی علاقوں میں موجود خانہ بدوش اور مویشی پھنس کر رہ گئے ۔ نیلم کے زیریں علاقوں میں گزشتہ رات بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے بعد موسم سرد ہوگیا ۔ برفباری کے باعث لوگ بھی گھروں میں محصور ہوگئے جبکہ گرم ملبوسات بھی نکل آئے ۔ ڈپٹی کمشنر نیلم ندیم جنجوعہ نے سیاحوں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے بارش اور برفباری کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب اور سیاحوں کو جملہ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔