لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اعتماد کا ووٹ نہ لینے کی صورت میں وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دے دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ ن کے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کی سیاسی صورت حال اور وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کے اعتماد کے ووٹ حوالے سے گفتگو کی گئی۔ن لیگ کے ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اعتماد کا ووٹ نہ لینے کے بیان پر غور کیا گیا جبکہ وفاقی وزیر قانون نے وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ نہ لینے کے معابلے پر آئینی اور قانونی نکات سے آگاہ کیا۔اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ ہر صورت لینا ہوگا۔ اجلاس میں اعتماد کا ووٹ نہ لینے کی صورت میں مسلم لیگ ن نے دستیاب آئینی اور قانونی آپشنز پر بھی غور کیا اور چوہدری پرویز الہیٰ کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دیا۔وزیراعظم کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن میں ہونے والے اجلاس میں رانا مشہود، خواجہ سلمان رفیق، ملک احمد خان، عطا اللہ تارڑ، لیگی رکن پنجاب اسمبلی غیاث الدین اور بلال یاسین شامل تھے۔ جبکہ وفاقی وزرا میں خواجہ سعد رفیق اور اعظم نذیر تارڑ بھی پارٹی اجلاس میں موجود تھے۔