اسلام آباد(نیوزڈیسک) وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور ان کے چینی ہم منصب لی کی چیانگ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا جبکہ وزیر اعظم پاکستان نے چین کے ساتھ قریبی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ رہنماؤں نے باہمی تعاون کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے قریبی تعاون کے تسلسل پر اتفاق کیا۔پاک چین وزرائے اعظم نے کہا کہ 2022 کے دوران پاکستان چین تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچے۔ لی کی چیانگ نے کہا کہ پاکستان کا استحکام و معاشی بہبود خطے اور چین کے لیے انتہائی اہم ہے، چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی ہم منصب کو سیلاب متاثرین کی بحالی و تعمیرِ نو کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی فراخدلانہ مدد پر پاکستان چین کا مشکور ہے۔