گوجرانوالہ (نیوز ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرائیکا نے مل کر ملک کی یہ حالت کی، آج خزانہ خالی ہے، صوبوں کے پاس سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے پیسے نہیں ہیں ، وفاقی و صوبائی حکومتیں دست وگریبان ہیں۔ 15سیاسی جماعتیں اقتدار کی رسہ کشی میں مصروف ہیں اور عوام کے مسائل سے بے پرواہ ہیں۔ ٹرائیکا ایکسپوز ہو گیا، ان لوگوں کے پاس مسائل کا حل نہیں، یہ نااہل اور ناکام ہیں، ان سے چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا۔پورا ملک جل رہاہے، لوگ مہنگائی سے بلبلا اٹھے، مزدوروں، کسانوں، کاروباری لوگوں کی حالت دیکھ کررونا آتا ہے، تجارت بیٹھ گئی، معیشت کا ستیاناس ہو گیا، فی کلو آٹا 150روپے کا ہوگیا، لوگوں کو صاف پانی دستیاب نہیں، نوجوان بے روزگار ہیں لیکن پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی ٹرائیکا اپنی لڑائیوں میں مصروف ہے اور ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہرا رہا ہے۔