لاہور ( وقائع نگارخصوصی)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا یہ ایک آئینی تقاضا ہے، گورنر سے گورنر ہائوس لاہور میں سابق صوبائی وزرا اور اراکین اسمبلی کے وفود نے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں ممبران قومی و صوبائی اسمبلی رانا مشہود احمد خان ،خواجہ عمران نذیر ، نواب شیر وسیر ، ملک محمد ریاض، میاں فدا حسین وٹو، رانا عبدالروف غزالی سلیم بٹ ،حنا پرویز بٹ سمیرا کومل، فیصل حیات جبوانہ اور مفتی انتخاب عالم نوری شامل تھے گورنر بلیغ الرحمن نے کہا کہ ملک کو ڈیفالٹ کرنے کا جھوٹا پروپیگنڈہ کرنے والوں کو ندامت کا سامنا کرنا پڑے گا اتحادی حکومت کی مثبت پالیسیوں کے باعث ملک میں معاشی استحکام آنا شروع ہو گیا ہے ملک کو معاشی طور مستحکم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ان کی اقتصادی ٹیم ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے شب و روز محنت کر رہی ہے اتحادی حکومت کی کوششوں کی وجہ سے ہمارے دوست ممالک نے معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے اپنے بھرپور تعاون اور مدد کا عندیہ دیا ہے جو کہ ایک مثبت پیش رفت ہےگورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کو آئین و قانون کے مطابق اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا ہے وزیر اعلی کو اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا کیونکہ یہ ایک آئینی تقاضا ہے بصورت دیگر انہیں وزارت اعلی کے منصب سے محروم ہونا پڑے گا۔ دریں اثنا گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے حال ہی میں خانیوال کے قریب دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے حساس ادارے کے افسران کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری سیکیورٹی فورسز اورافواج پاکستان دہشت گردی کے خلاف جوقربانیاں دے رہے ہیں ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں عسکری اور سیاسی قیادت کے ساتھ ساتھ پوری قوم ایک پیج پر کھڑی ہے۔گورنر پنجاب نے دہشت گردی کے اس واقعے میں شہید ہونے والے افسران کے لئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔