سرینگر(اے بی این نیوز)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ مقبوضہ وادی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش 34.9 ملی میٹرریکارڈ کی گئی۔جموں خطے کے علاقے بھدرواہ میں 19.8 ملی میٹر، جموں میں 14 ، کٹرا میں 12.8 ، بٹوٹ میں 6.6 ، بانہال اور کوکرناگ میں 6.0 جبکہ قاضی گنڈ، گلمار میں 160 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے 22جولائی تک درمیانی درجے کی بارش کی پیش گوئی کی ہے ۔ گزشتہ رات سری نگر کا کم سے کم درجہ حرارت 21.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔جموںخطے کے ضلع پونچھ میں ایک شخص مقبول حسین ندی پار کرتے ہوئے سیلابی ریلے کے ساتھ بہہ گیا۔ اس کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے ۔انتظامیہ نے کہا کہ مقبول حسین مویشیوں کے ساتھ ندی پار کر رہا ہے کہ سیلابی ریلے کی نذر ہو گیا۔ضلع گاندربل کے علاقے شالہ بگ میں ایک شخص بشیر احمد مسجد کی چھت سے گر کر جان بحق ہو گیا۔ بشیر احمد مسجد کی چھت سے گرنے کے سبب شدید زخمی ہوا ۔ وہ سرینگر کے صورہ ہسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا۔مقبوضہ وادی کشمیر کو جموں خطے کے ضلع پونچھ سے ملانے والی تاریخی مغل روڈرتہ چمب کے قریب لینڈسلائینڈنگ کے باعث ٹریفک کیلئے بند ہو گئی ہے ۔ ٹریفک پولیس نے لوگوںکو بحالی کا کام مکمل ہونے تک شاہراہ پر سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔