اسلام آباد( اے بی این نیوز ).وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اور ٹیلی کام سید امین الحق نے کہا ہے کہ ملک کی سائبر سیکیورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے وفاقی کابینہ نے کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیمز (سی ای آر ٹی) رولز 2023 کی منظوری دے دی ہے۔اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ فیصلہ ایک مکمل مشاورتی عمل کے بعد کیا گیا ہے جس میں مختلف اسٹیک ہولڈرز شامل ہیں جس میں وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن (ایم او آئی ٹی ٹی) سی ای آر ٹی کے قواعد وضع کئے گئے ہیں۔حکومتی اداروں اور ریگولیٹری اتھارٹیز کے ساتھ مشاورتی اگست 2021 میں شروع کی گئی جس کے بعد، سیکٹر ریگولیٹرز نے اپنے متعلقہ نجی اداروں کے ساتھ وسیع مشاورت کی۔ وفاقی وزیر نےکہا کہ سی ای آر ٹی رولز – 2023 قومی، شعبہ جاتی اور تنظیمی سطحوں پر ابھرتے ہوئے سائبر سیکورٹی کے خطرات اور کمزوریوں سے نمٹنے کے لیے ایک قانون ہے جس میں تکنیکی مدد، آپریشنل سہولیات کی شکل میں ایک ورکنگ میکانزم ترتیب دیا گیا ہے۔یہ قواعد سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کی شناخت اور ترجیح دینے کے لیے ایک جدید ترین فعال اور مربوط رسک مینجمنٹ عمل فراہم کرتے ہیں۔