اہم خبریں

سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس راولاکوٹ عوامی دھرنے میں پہنچ گئے

راولاکوٹ(اے بی این نیوز)سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان راولاکوٹ انجمن تاجران اور سول سوسائٹی کی جانب سے آٹے کی قیمتوں میں اضافے اور ناپیدی ، بجلی بلات میں ظالمانہ ٹیکس کے خلاف جاری دھرنے میں پہنچ گئے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے 64 روز سے جاری دھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ شرکاء کے تمام مطالبات جائز ہیں۔غریب کو روٹی کا نوالہ فراہم کرنا ریاست کا فرض ہے مگر انوار سرکار غریب عوام سے روٹی کا نوالہ تک چھیننا چاہتی ہے۔ جب تک شرکاء کے جائز مطالبات حل نہیں کیے جاتے اس وقت تک سردار تنویر الیاس خان ہر فورم پر عوام کے ساتھ کھڑے نظر آئے گا سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہماری حکومت کو ایک متنازعہ فیصلے کے ذریعے ختم کیا گیا اگر ہمیں پورے چار سال مل جاتے تو ہم آزاد کشمیر کو تاریخی فلاحی ریاست بناتے۔ انوار سرکار نے اپنے چند ماہ کے اقتدار میں ریاست کی غریب عوام سے روٹی کا نوالہ چھین لیا ہے۔ آٹے کی قیمتوں میں پہلے اضافہ کیا گیا اور اب ہماری ماؤں بہنوں کو آٹے کے حصول کے لیے لائنوں میں کھڑا کر کے ذلیل کیا جا رہا ہے۔ انوار سرکار مکمل مدہوش ہے۔ انہیں ریاستی عوام سے کوئی غرض نہیں، وزراء کی ایک فوج بھرتی کر کے ریاست پر بوجھ ڈالا ہوا ہے۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پرامن احتجاج ریاست کے ہر شہری کا آئینی اور قانونی حق ہے۔ پرامن احتجاج کو طاقت کے بل بوتے پر روکا نہیں جا سکتا۔ پرامن احتجاج پر طاقت کا استعمال دراصل ریاستی دہشت گردی ہے۔ انوار سرکار نے معاشرے کے معتبر طبقے کے ساتھ جو انسانیت سوز سلوک کیا اسکی آزاد کشمیر کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ ہمارے بزرگ معماروں اور ہماری خواتین کو اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے پر پابند سلاسل کیا گیا۔ اساتذہ کرام کے ساتھ جو سلوک انوار سرکار نے روا رکھا اسکا خمیازہ اسے بھگتنا پڑے گا۔ اس موقع پر صدر انجمن تاجران راولاکوٹ عمر نزیر کشمیری نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انکے دور اقتدار میں ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا مگر عوامی وزیراعظم نے نہ صرف آٹے پر سبسٹڈی برقرار رکھی بلکہ ریاست بھر میں وافر مقدار میں آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ آج ریاست بھر میں آٹا ناپید ہے۔ موجودہ حکومت نے ریاست کی غریب عوام پر بجلی بلات میں بے تحاشہ اضافہ کیا ہے۔ جب تک حکومت اپنے ظالمانہ اقدامات واپس نہیں لیتی تب تک پرامن احتجاج جاری رہے گا۔

متعلقہ خبریں