لاہور (اے بی این نیوز)نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر دریائے راوی، چناب اور ستلج میں پانی کے بہاؤ کو 24 گھنٹے مانیٹر کرنے کا حکم دیتے ہوئے محکمہ آبپاشی، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت بھی کردی۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔محسن نقوی نے انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے دریائے ستلج کے بیڈ میں موجود آبادیوں کے فوری انخلاء کا حکم دے دیا۔نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے دریائے راوی، چناب اور ستلج میں پانی کے بہاؤ کو 24 گھنٹے مانیٹر کرنے کا حکم بھی دیا۔بھارت نے ستلج میں 2 لاکھ 11 ہزار کیوسک پانی چھوڑ دیا جبکہ فیروز پور پر ایک لاکھ 21 ہزار کیوسک پانی گزرے گا۔نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے لاہور، ساہیوال، ملتان اور بہاولپور کے کمشنرز کو ہدایات جاری کردیں۔محسن نقوی کا ممکنہ سیلاب کے پیش نظرضروری حفاظتی انتظامات جلد مکمل کرنے اور محکمہ آبپاشی، تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے منظور شدہ پلان کے تحت ہر ضروری اقدام اٹھانے کا حکم دیا۔انہوں نے درکار آلات، مشینری اور انسانی وسائل کا پہلے سے انتظام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامات میں غفلت ہر گزبرداشت نہیں کی جائے گی، جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے موسم کے بارے میں مستند معلومات کا حصول یقینی بنایا جائے۔دوسری جانب گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں نگراں صوبائی کابینہ کی ملاقات میں ہوم اکنامکس کالج بہاولپور کو فوری طور پر آپریشنل کرنے اور بہاولپور انسٹیٹیوٹ آف سانئس اینڈ ٹیکنالوجی کو پنجاب حکومت کی طرف سے زمین دینے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایل ڈی اے ون ونڈو سیل میں ناقص کارکردگی پر پورے عملے کو تبدیل کر دیا۔دوسری جانب چنیوٹ میں دریائے چناب میں 2 لاکھ کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے جس سے دریا کے قریبی آبادیوں میں پانی داخل ہونا شروع ہوگیا اور فصلیں بھی زیر آب آنے لگی ہیں۔ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قریبی علاقوں میں متعلقہ اداروں نے ہائی الرٹ کردیا۔ دریائے چناب کے قریب بنے کچے مکانات دریا برد ہونے لگے۔ڈپٹی کمشنر چنیوٹ آصف رضا کی جانب سے تمام اداروں کے ذمہ داران کو دریا کنارے ڈیوٹیاں دینے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔اس حوالے سے ریسکیو کی جانب سے 9 فلڈ ریلیف کیمپ ضلع بھر کے اہم پوائنٹس پر لگادیے گئے ہیں۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے عوام کو دریا کے کنارے سے دور رہنے اور کشتی رانی پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ممکنہ سیلاب کے پیش نظر دریائے چناب کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے کنٹرول روم بھی بنا دیا گیا ہے، 2 لاکھ کیوسک پانی کا ریلا گزرنے سے دریائے چناب کے قریبی دیہاتوں میں پانی داخل ہونے لگا ہے۔اس حوالے سے انتظامیہ کی جانب سے اعلانات کرائے گئے ہیں کہ اپنے مال مویشیوں کے ساتھ دریائے چناب کی حدود سے نکلے آئیں اور 24 گھنٹے کے لئے اونچے مقام پر چلے جائیں۔