اسلام آ باد (نیوزڈیسک)وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کا معیشت کے حوالے سے وائٹ پیپر مسترد کردیا۔اسلام آباد میں دیگر وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی نے وائٹ پیپر سے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے، درآمدات اور برآمدات کے حوالے سے بھی گمراہ کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا یہ دعویٰ درست نہیں کہ ان کے دور میں 55 لاکھ ملازمتیں پیدا ہوئیں۔ان کا کہنا تھاکہ حکومت نے 6 ماہ میں 3429 ارب روپے کے ٹیکس محاصل حاصل کیے، رواں سال 7470 ارب روپے کی ٹیکس وصولی کریں گے۔ڈیفالٹ کے حوالے سے وزیر خزانہ کا کہنا تھاکہ 30 جون 2023 تک ملک کی مالی پوزیشن پہلےسے بہت بہتر ہوگی، پورے یقین سے کہہ رہا ہوں پاکستان کبھی ڈیفالٹ نہیں کرے گا لہٰذا عوام پریشان نہ ہوں، ڈیفالٹ کی گردان بند کریں اور منفی ماحول سے معیشت کو نقصان ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر اداروں کی نجکاری کریں گے، حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام مکمل کرے گی، پاکستان نے جو آئی ایم ایف سے وعدہ کیا ہے اس کو نبھایا جائے گا، آئی ایم ایف کے ساتھ نواں اور دسواں ریویو ایک ساتھ ہو سکتا ہے جبکہ آئی ایم ایف نے سیلاب بحالی کیلئے اخراجات کا پروگرام مانگا ہے۔اسحاق ڈار نے امید کا اظہار کیا کہ سعودی عرب سے امداد رواں ماہ مل جائے گی۔
ان کا کہنا تھاکہ مہنگائی بہت تکلیف دہ ہے، کوشش کی ہے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کیا جائے۔