اہم خبریں

پاکستان آذر بائیجان سیاحت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(اے بی این نیوز    ) وفاقی وزیر ساجد طوری نے باکو میں آذربائیجان کی سٹیٹ ٹورازم ایجنسی کے چیئرمین فواد ناغییف سے باکو میں ایک نتیجہ خیز ملاقات کی جس میں دونوں ممالک میں سیاحت کے شعبہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹریِ اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ ذوالفقار حیدر اورسیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد بھی وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے۔ اجلاس میں پاکستان کے خوبصورت شمالی علاقے جات میں سیاحت کے وسیع مواقع تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی، جبکہ صوبہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ میں ریلجیس ٹورازم بھی زیر بحث آئی۔ وفاقی وزیر ساجد طوری نے چیئرمین فواد ناغیف کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ اس دورے کا مقصد پاکستان اور آذربائیجان کے سیاحتی حکام کے درمیان دو طرفہ تعاون کو مزید گہرا اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینا ہے۔ اجلاس میں آذربائیجان میں ٹور آپریٹرز کے پاکستان کے شمالی علاقوں کی بے مثال خوبصورتی کو تلاش کرنے کے امکانات کے بارے میں بھی بات چیت ہوئی۔ وفاقی وزیر ساجد طوری نے دونوں ممالک کے سیاحتی شعبوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس عزم کا اظہار وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے حالیہ دورہ آذربائیجان کے دوران بھی کیا تھا، جس میں دوطرفہ سیاحتی تعلقات کی بڑھانے کے خواہش کا اظہار کیا گیا تھا۔ دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کے مجموعی شعبے میں ترقی معیشت کو بڑھانے میں ممد و معاون ثابت ہو سکتی ہے۔مزید برآں وفاقی وزیر نے حکومت پاکستان کے وژن کے ساتھ سیاحت کو فروغ دینے کے عزم پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے سیاحت کی ترقی، ملازمتوں کی فراہمی اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پر یقین رکھتی ہے۔ وزیر ساجد طوری اور چیئرمین فواد ناغییف کے درمیان باہمی ملاقات آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے ایک پیش رفت کی ایک کڑی ہے۔

متعلقہ خبریں