اہم خبریں

عوام کو جلد آزادکشمیر میں حقیقی تبدیلی نظر آئے گی،چوہدری انوار الحق

مظفرآباد(اے بی این نیوز)وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھرپور کوشش کی ہے کہ عوام کا پیسہ انکی فلاح وبہبود پر لگے اور لوگوں کا معیار زندگی بلندہو۔ موجودہ حکومت نے ہر شعبے میں سخت مالیاتی اور انتظامی ڈسپلن نافذ کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ آزادکشمیر کے عام شہری کو صحت، تعلیم سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے انتظامی و مالی اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے جارہے ہیں تاکہ جو فنڈز جس مقصد کیلئے مختص ہیں اسی پر خرچ ہوں۔ اللہ رب العزت نے موقع دیا تو آئندہ مالی سال کے اختتام تک آزادکشمیر میں حقیقی معنوں میں تبدیلی نظر آئے گی۔ بجٹ میں سوشل اور پیداواری شعبہ کو اپنی ترجیحات میں رکھا ہے، پیداواری اور سوشل سیکٹرز میں انوسٹمنٹ کیئے بغیر حقیقی ترقی ممکن نہیں ہوسکتی ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے دو ماہ میں بھرپور محنت سے وفاقی حکومت سے گیارہ ارب روپے سے زائد فنڈز واگزار کروائے اور قلیل مدت میں شفافیت کے ساتھ خرچ بھی ہوئے،ترقیاتی کاموں اور اخراجات کے اہداف حاصل ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پیداواری شعبہ کے لیے کل ترقیاتی بجٹ 11فیصد سے بڑھا کر 14فیصد کیاگیا ہے جبکہ سوشل سیکٹر کے بجٹ کو25فیصد سے بڑھا کر 31فیصد کیا گیا ہے، یہی وہ شعبے ہیں جن میں سرمایہ کاری کر کے روزگار کے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔ اسی تناظر میں صحت اور تعلیم کے شعبہ جات میں زیادہ فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ محکمہ صحت،پولیس، مواصلات، ہاوسنگ میں انتظامی و مالی اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے جارہے ہیں تاکہ فنڈز جن دفاتر کے لئے مختص شدہ ہوں وہاں ہی انکا تصرف بھی ہو۔گورننس کے نفاذ کیلئے ای گورننس سسٹم کو رائج کرنے پر بھی فوکس کیا گیا ہے۔ اگلے مالی سال میں شرح خواندگی کو پچاسی فیصد تک لے جانے کا ہدف ہے۔

متعلقہ خبریں