اسلام آباد ( ا ے بی این نیوز )الجزائر کے بین الاقوامی اقتصادی میلے میں 18 سال کی غیر حاضری کے بعد پاکستان کی بھرپور شرکت ، الجزائر کی جانب سے خیر مقدم اور خوشی کا اظہا رکیا گیا ۔اس بین الاقوامی میلے کی میز بانی صدر الجزائر کرتے ہیں ، اس بار اقتصادی میلے میں 638 کمپنیاں شریک ہوئیں ، جن میں الجزائر کی 473 کمپنیاں بشمول157 سرکاری ادارے شامل ہیں ، دیگر میں پاکستان کے علاوہ افریقہ، یورپ، ایشیا، لاطینی امریکہ اور عرب خطے کے 30 ممالک نے شرکت کی ۔پاکستان سے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ٹی ڈی اے پی کی نگرانی میں 20 سے زائد تاجروں کے وفد نے 11 کمپنیوں کی نمائندگی کی، جن میںٹیکسٹائل، اسپورٹس ویئر، فارماسیوٹیکل انڈسٹری، فوڈ انڈسٹری سے منسلک ادارے شامل ہیں ۔پہلی بار، ڈیجیٹل الجزائر سیلون کے تحت ان پانچ اسٹریٹجک شعبوں کو پیش یا گیا ،جن پر الجیریا انحصار کرتا ہے،ان میں زراعت، قابل تجدید توانائی، میڈیا ٹیکنالوجیز، علمی معیشت اور سیاحت شامل ہیں ۔اس بین الاقوامی میلے میں پاکستانی شرکت کو کامیاب اور نتیجہ خیز قرار دیا جا رہا ہے اور اسے دونوں ممالک کے درمیان تبادلے اور اقتصادی و تجارتی تعاون کے تعلقات کی حمایت کا مثبت اظہار قرار دیا جارہا ہے ۔ دونوں ممالک میں اس سال 2023میں سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔