اسلام آباد(نیوزڈیسک) جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نظریاتی کے چیئرمین صداقت مغل کشمیری نے کہا ہےکہ بھارتی فوج یاسین ملک کی جانی دشمن بنی ہوئی ہےاور وہ انہیںعدالتوں کے ذریعے عمر قید کے بجائے پھانسی کی سزا دلوانا چاہتی ہے، ریاست جموں و کشمیر میں جاری مظالم بند کئے جائیں، عالمی برادری اس ظلم کو روکے ورنہ خطے میں قتل وغارت گردی اور خون کی ہولی کھیلی جائے گی، سات اگست کو اسلام آباد میں بھارتی سفارتخانے کے باہر احتجاج کرینگے،نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں اپنے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صداقت مغل کشمیری کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کو جیلوں میں قید کر رکھا ہے، بھارت ممتاز حریت راہنماء مقبول بٹ کے دست راست اور نامور کشمیری حریت راہنماء یٰسین ملک کو راستے کی دیوار سمجھتی ہے یہی وجہ ہے کہ وہ انکی جانی دشمن بنی ہوئی ہے اور انہیں عمر قید کے بجائے عدالتوں سے پھانسی کی سزا دلوانا چاہتی ہے جن کا واحدجرم کشمیریوں کیلئے حق خودارادیت مانگنا ہے جس کا وعدہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں سے کر رکھا ہے،صداقت مغل کشمیری نے مزید کہا کہ 05 اگست 2019 کو ایک عالمی سازش کے تحت جموں و کشمیر کے خصوصی تشخص کو ختم کیا گیا،بھارتی فوج کے ایماء پر بھارتی عدالت نے بے گناہ یٰسین ملک کو عمر قید کی سزا سنائی جس پر انسانی حقوق کے چمپیئن ممالک اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں خاموش تماشائی بنی رہیںیہی وجہ ہے کہ اب مودی سرکار اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انکی سزا کو عمر قید سے پھانسی میں بدلنا چاہتی ہے،انہوں نے بھارت اور عالمی برادری کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت کو ان اقدامات سے روکے ورنہ اگر ایسا کیا گیا تو خطے میں خون کی ایسی ہولی کھیلی جائیگی کہ تاریخ یاد رکھے گی، کشمیری قوم اسکا بدلہ بھارت سے ضرور لے گی اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں بھارتی سفارتخانوںکا گھیراؤ کیا جائیگا کیونکہ کشمیری مقبول بٹ کے بعد یٰسین ملک کی صورت میں کوئی بھی حریت راہنماء کھونا نہیں چاہتے، انہوں نے سات اگست کو اسلام آباد میں بھارتی سفارتخانے کے باہر احتجاج مظاہرے اور دھرنے کا بھی اعلان کیا۔















