اسلام آباد( اے بی این نیوز ) وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی، عوامی امور، قومی ورثہ اور ثقافت انجینئر امیر مقام نے بدھ کو میڈیا میں صحافیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا کا عوام میں قومی سطح پر آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ہے۔نیشنل لینگویج پروموشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام دوسری ایک روزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان ”اردو صحافت کے پچھتر سال“ سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے تحریک آزادی اور استحکام پاکستان میں اردو صحافت کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے اردو صحافیوں نے عظیم خدمات انجام دی ہیں۔ ملک اور جمہوریت کی خاطر قربانیاں دیں ہیں۔کانفرنس کے افتتاحی اجلاس کی صدارت وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی، عوامی امور، قومی ورثہ اور ثقافت انجینئر امیر مقام نے کی۔ایک روزہ کانفرنس کا انعقاد پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے سلسلے میں کیا گیا تھا اور اس کا مقصد ادب میں اردو صحافت کی خدمات کو اجاگر کرنا تھا۔اس موقع پر وفاقی سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت فارینہ مظہر، معروف ادبی شخصیت افتخار عارف، معروف سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی، معروف صحافی حفیظ اللہ نیازی، اشفاق حسین اور فرحت اللہ بابر بھی موجود تھے۔
