خرطوم(نیوزڈیسک)سوڈان میںفوجی ذرائع نے بتایا ہے کہ نیم فوجی سریع الحرکت سپورٹ فورسز(آر ایس ایف) نے دارلحکومت خرطوم میں نظامت جنرل انٹیلی جنس سروس کے ہیڈکوارٹر پر گولا باری کی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سوڈانی فوج کی جاری کردہ تصاویر میں انٹیلی جنس ہیڈکوارٹر کی عمارت میں بڑے پیمانے پر لگنے والی آگ کی تصاویر جاری کی ہیں۔ یہ ہیڈکوارٹر اسی کمپلکس میں واقع ہے جس میں مسلح افواج کا جنرل کمانڈ آفس، وزارت دفاع اور صدر کی رہائش گاہ بھی واقع ہیں۔قبل ازیں عینی شاہدین نے خرطوم کے صنعتی علاقے کے قریب آر ایس ایف اور سوڈانی فوج کے درمیان جھڑپوں کی اطلاع دی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ خرطوم کے جنوبی علاقے سے وقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دیتی رہیں۔
