لاہور( نیوز ڈیسک)پنجاب سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی سی بی ڈ ی ڈی اے) جسے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی پنجاب) بھی کہا جاتا ہے، نے کلمہ چوک انڈر پاس کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔ انڈر پاس کو بند کرنے کا اقدام اس لیے اٹھایا گیا ہے کیونکہ سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ اور کلمہ چوک انڈر پاس ریماڈلنگ پر ترقیاتی کام اگلے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔اتھارٹی نے انڈر پاس کی ایک لین کو برکت مارکیٹ سے آنے والی اور لبرٹی مارکیٹ جانے والی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔ سی بی ڈی پنجاب کی ٹیکنیکل ٹیم نے سٹی ٹریفک پولیس (سی ٹی پی) لاہور کے تعاون سے ایک جامع ٹریفک ڈائیورژن پلان جاری کیا ہے۔ٹریفک ڈائیورژن پلان کے مطابق سینٹ میری پارک اور سینٹر پوائنٹ کو ملانے والی شاہراہ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے ۔ برکت مارکیٹ سے آنے والی اور لبرٹی مارکیٹ کی طرف جانے والی ٹریفک مسلم ٹاؤن کی طرف جائے گی اور یو ٹرن لے کر قذافی اسٹیڈیم سے ہوتی ہوئی لبرٹی مارکیٹ پہنچے گی۔ اسی طرح ماڈل ٹاؤن سے لبرٹی مارکیٹ کے لیے آنے والی ٹریفک بھی سیدھی مسلم ٹاؤن جائے گی، یو ٹرن لے کر اسٹیڈیم سے ہوتی ہوئی لبرٹی مارکیٹ پہنچے گی، فردوس مارکیٹ سے آنے والے مسافر لبرٹی مارکیٹ یا مین بلیوارڈ، گلبرگ کی طرف جانے کے لئے حسین چوک استعمال کریں گے۔پی سی بی ڈی ڈی اے انتظامیہ اور سی ٹی پی لاہور کے احکام شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچنے کے لیے اپنے سفر کی منصوبہ بندی کریں۔