لاہور(اے بی این نیوز)پنجاب یونیورسٹی حکام نے لاہور کے پرکشش علاقے کی مہنگی ترین جگہ کوڑیوں کے مول لیز پر دے دی ۔43 کرایہ داروں کو لیز پر دی جانے والی 542 ایکڑ جگہ برلب نہر علامہ اقبال ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، مسلم ٹاؤن اور پنجاب یونیورسٹی کیمپس کے سنگم میں واقع ہے۔ پنجاب یونیورسٹی کے پاس 1868 ایکڑ جگہ موجود ہے ۔ قائداعظم کیمپس 1781 ایکڑ، علامہ اقبال کیمپس 48 ایکڑ، گجرانوالہ کیمپس 10 ایکڑ، جہلم کیمپس 26 ایکڑ اور خانس پور میں تین ایکڑ جگہ ہے۔ پنجاب یونیورسٹی نے 863 ایکڑ مختلف کرایہ داروں کو معمولی لیز پر دے رکھی ہے ۔ لاہور کے پوش ترین علاقے میں یہ جگہ صرف 80 ہزار سے نوے ہزار فی ایکڑ کے حساب سے لیز پر دی گئی ہے۔ اسی مقام پر فی مرلہ جگہ کی مالیت چالیس سے پچاس لاکھ ہے۔ پنجاب یونیورسٹی حکام کی کمزوری کوڑیوں کے مول لیز پر دی گئی جگہ کے کرائے کی وصولی میں بھی ناکام ۔ کرایہ داروں کے ذمے 63 لاکھ 74 ہزار 749 کی رقم واجب الادا ہے۔لیز پر زمین حاصل کرنے والے خوش نصیبوں میں ارشد عمران 59 ایکڑ، عامر محمود 38 ایکڑ، احمد شعیب 37 ایکڑ اور حاجی بشیر 26 ایکڑ شامل ہیں۔















