اہم خبریں

9 مئی کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ، خود کو بری الذمہ نہیں کرسکتا، وزیراعظم

اسلام آباد(نیوزڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کیا ہے کہ تحریک انصاف کے شرپسندوں نے 9 مئی کو ریڈ لائن کراس کی ان کے لئے کوئی معافی نہیں۔تحریک انصاف کے شرپسندوں اور ا سکے سربراہ عمران خان نے جس طرح لوگوں کو مشتعل کیا سب کچھ ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا جس کا ماسٹر مائنڈ عمران خان تھا وہ خود کو بری الزمہ قرار نہیں دے سکتا۔جناح کنونشن سینٹر میں تحفظ شہداءکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چاہے میں بھی سفارش کروں کسی گناہ گار کو چھوڑا نہیں جائے گا اور کسی بے گناہ کو سزا نہیں دی جائے گی ۔شہداءہمارے ہیرو ہیں اور ان کی تکریم پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ انہیں اس کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ کیونکہ آج ہم شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں ،انہوں نے کہاکہ یہ وہ شہداءہیں جنہوں نے پاکستان کی مٹی اور اس وطن کے دفاع کے لئے اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ،لہو سے اس کی آبیاری کی ، اور ہم شہداءکو کبھی نہیں بھول سکتے ،یہ ہمارا اثاثہ اور قومی ہیروز ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان ،قانون نافذ کرنے والے ادارے، پولیس ،سیکورٹی ایجنسیز کے افسران اور جوانوں نے اس ملک کے لئے قربانیاں دیں۔ 86 ہزار سے زائد قربانیوں کی وجہ سے ملک میں امن و استحکام آیا مگر جو کچھ 9 مئی کو ہوا وہ کبھی نہیں بھلایا جا سکتا ،یہ ہمیشہ ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائیگا،وزیراعظم نے زور دیا کہ تحریک انصاف کے شرپسندوں اور ا سکے سربراہ عمران خان نے جس طرح لوگوں کو مشتعل کیا سب کچھ ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا جس کا ماسٹر مائنڈ عمران خان تھا وہ خود کو بری الزمہ قرار نہیں دے سکتا۔شہبازشریف نے کہا کہ کوئی سیاسی جماعت کیا ایسا کر سکتی ہے کہ گرفتاری کی صورت میں ریاست پر حملہ کر دے،جب یہ حکومت میں آیا تو اس نے پوری اپوزیشن کو جیلوں میں ڈال دیا ہم نے کوئی گڑ بڑ نہیں کی۔وزیراعظم نے کہا کہ گرفتاریاں دے دیں ،جیلوں میں چلے گئے ،توڑ پھوڑ نہیں کی ،ریاستی اور دفاعی اداروں کو نقصان نہیں پہنچایا ،انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کوپھانسی ہوئی ،محترمہ بے نظیر بھٹو شہید ہوگئیں، نواز شریف کو جلا وطن کیا گیا پھر دوبارہ ان کی حکومت ختم کر دی گئی مگر کسی سیاسی جماعت نے اپنے ملک کو یا اس کے جھنڈے کو نقصان نہیں پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جس دن گرفتار ہوتا ہے جلاؤ گھیراؤ اوردفاعی و فوجی تنصیبات پر اس کے شرپسند حملہ آور ہوتے ہیں جن کو قانون کے کٹہرے میں لایا جارہا ہے ان کے لئے کوئی معافی نہیں۔شہبازشریف نے مزید کہا کہ یہ ناقابل معافی جرم اور ریاست پر حملہ ہے ،ریاست کمزور نہیں ،شہیدوں کی تصاویر اور یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی ، سوچیں ان شہیدوں کے ورثاءاور لواحقین پر کیا گزرتی ہوگی۔انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی گناہ گار بچے گا نہیں اور کسی بے گناہ کو ہم پکڑیں گے نہیں ،ان کاکہناتھاکہ ایسے لوگوں کے لئے سخت قوانین کے تحت کارروائی کریں گے تا کہ آئندہ کسی کو جرات نہ ہو۔

متعلقہ خبریں