واشنگٹن(نیوز ڈیسک) عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) کے ترجمان جولیئس کوزیک نے کہا کہ پاکستانی معیشت جمود کا شکار ہے اسے بیرونی ادائیگیوں میں سنگین مسائل کا سامنا ہے،نوویں جائزے کی کامیابی کیلئے پاکستان کو اضافی فنڈنگ کی ضرورت ہے۔واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران آئی ایم ایف ترجمان جولیئس کوزیک نے کہا کہ سٹاف لیول معاہدہ ہونے سے قبل پاکستان کو دوست ممالک سے فنڈنگ کی یقین دہانی درکار ہے ، بیرونی شراکت داروں کی طرف سے پاکستان کیلئے طے شدہ فنانسنگ بھی خوش آئند ہے ،ہم دوست ممالک کی طرف سے پاکستان کیلئے فنڈنگ کا خیر مقدم کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف حکام 9 ویں جائزے کو مکمل کر کے پروگرام کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں ، پاکستان کو بیلنس آف پے منٹس کیلئے مزید ادائیگیوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا پاکستانی معیشت سبسڈیز اور ٹیکس میں مزید چھوٹ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔














