اہم خبریں

قومی اسمبلی میں توہین پارلیمنٹ بل 2023 پیش ،مزید غور کے لیے بل کو قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کے سپرد

اسلام آباد ( اے بی این نیوز   )قومی اسمبلی میں توہین پارلیمنٹ بل 2023 پیش کر دیا گیا جسے مزید غور کے لیے بل کو قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کے سپرد کر دیا گیا ۔اسپیکر قومی اسمبلی نے بل پر کمیٹی رپورٹ 7 روز میں طلب کر لی ہے۔مجوزہ بل میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کیلئے توہین پارلیمنٹ کا قانون تجویز کیا گیا ہے، مسودہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ میں رائج قوانین کی روشنی میں تیار کیا گیا ہے۔بل کے مطابق پارلیمانی کمیٹی توہین پارلیمان پر کسی بھی ریاستی یا حکومتی عہدیدار کو طلب کر سکے گی۔توہین پارلیمنٹ بل میں قید اور جرمانے کی سزائیں تجویز کی گئی ہیں، پارلیمنٹ کی توہین کے مرتکب ملزم کو 6 ماہ قید اور 10 لاکھ جرمانے کی سزائیں دی جا سکیں گی۔بل میں تجویز پیش کی گئی ہے کہ 24 رکنی کمیٹی توہین پارلیمنٹ کیسز کی تحقیقات کرے گی۔کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کے 50-50 فیصد اراکین کو شامل کیا جائے گا، بل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کمیٹی شکایات کی رپورٹ پر سپیکر قومی اسمبلی یا چیئرمین سینیٹ کو سزا تجویز کرے گی۔سپیکر یا چیئرمین سینیٹ متعلقہ شخص کے خلاف سزا کے تعین کا اعلان کر سکیں گے۔

متعلقہ خبریں