مظفر آباد ( نیوز ڈیسک) سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس نے عمران خان کیخلاف بغاوت کا علم بلند کرلیا۔ سردار تنویر الیاس نے اپنے ویڈیو بیان میں پارٹی قائد عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ایک سال سے قومی اداروں کیخلاف لوگوں کے ذہنوں اور دلوں میںنفرت ابھاررہے ہیں ،خان صاحب ملک دشمنی میں پاکستان کی جڑیں کاٹ رہے ہیں ۔سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ عوام پاک فوج کیساتھ کھڑی ہے ۔ عوام اور مسلح افواج کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش ناکام ہوگی،پوری قوم اپنی مسلح افواج پر یقین رکھتی ہے اور یہ اعتماد کا رشتہ دھائیوں سے برقرار ہے اور آئندہ بھی برقرار رہے گا۔ کسی قسم کی دراڑ پید انہیں ہونے دیں گے۔ سابق وزیراعظم آزادکشمیرنے کہا کہ افواج پاکستان کے نوجوان ملک و قوم کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں، افواج پاکستان ملک و قوم کی سکیورٹی کی ضامن ، قوم کو اپنی فوج اور قوم پرفخر ہے۔
