سکھر(نیوز ڈیسک )دریائے سندھ میں سکھر بیراج اور اسکی نہروں کی بھل صفائی سے قبل ہی پانی کی سطح میں نمایاں کمی ،دریائے سندھ خشک ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا،شہر کے مختلف علاقوں میں قلت آب کا سامنا، شہری دور دراز علاقوں سے پانی بھرنے پر مجبور ،سماجی و شہری حلقوں کا نوٹس لیکر فراہمی آب یقینی بنانے کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق سکھر بیراج اور اس سے نکلنے والی سات نہروں روہڑی کینال، نارا کینال، خیرپور ایسٹ کینال، خیرپور ویسٹ کینال، دادو کینال، رائیس کینال اور کھیر تھر کینال کی بھل صفائی اور بیراج کے تمام گیٹس کی مرمت سے قبل ہی دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں کمی آنے کیساتھ دریائے سندھ خشک ہونا شروع ہوگیا ہے ، دریائے سندھ میں پانی کی کمی کے باعث سکھر شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے اور شہری دور دراز علاقوں سے ہینڈ پمپ سے پانی بھرنے پر مجبور دیکھائی دے رہے ہیں شہری حلقوں نے شہر میں پانی کی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بالا حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔