لندن ( اے بی این نیوز )وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے میرے خلاف ہر حربہ استعمال کیا لیکن ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ برطانیہ میں میرے خلاف جو کیس دائر کیا گیا اس میں بریت کے بعد میری عزت میں اضافہ ہوا۔لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ شخص جھوٹا اور مکار ہے اور اب اس کے جھوٹ سامنے آ رہے ہیں۔ یہ محسن کش آدمی ہے اللہ کی پکڑ بھی ضرور ہوگی۔وزیراعظم نے کہا کہ برطانیہ میں سکاٹش فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف سے ملاقات اچھی رہی ہے اور ہم جلد سرمایہ کاری کانفرنس بلائیں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں میرے خلاف بنایا گیا کیس جھوٹ پر مبنی تھا۔ نیوزی لینڈ سمیت دیگر ممالک میں میرے خلاف شواہد اکٹھے کرنے کی پوری کوشش کی گئی مگر کچھ نہ مل سکا۔واضح رہے کہ شہباز شریف برطانوی بادشاہ شاہ چارلس کی رسم تاج پوشی میں شرکت کے لیے لندن گئے تھے جہاں انہوں نے قائد ن لیگ نواز شریف سے بھی ملاقات کی ہے۔
