اسلام آباد (نیوز ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بحران سے نمٹنے کا واحد حل مذاکرات ہی ہیں۔ الیکشن کی تاریخ پر مزید رابطے کرنے کی ضرورت ہے۔تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوشش کی کہ سیاسی جماعتوں کے میں ڈائیلاگ ہوں، کسی حد تک اس کوشش میں کامیابی ہوئی، الیکشن کی تاریخ پر مزید رابطے کرنے کی ضرورت ہے،سیاسی مسائل کا حل عدالت نے نہیں نکالنا، ملک میں شفاف اور غیرجانبدار الیکشن چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی، معاشی اور آئینی انتشار ہے، سیاسی افراتفری کی وجہ سے معیشت تباہ ہوئی۔ پاکستان پوری دنیا میں تماشہ بنا ہوا ہے، عوام کو حق دیا جائے کہ نئی حکومت کو منتخب کر سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں الیکشن ایک دن کرانے پر اتفاق ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بحران سے نمٹنے کا واحد حل سیاسی جماعتوں کے مذاکرات ہیں۔
