اہم خبریں

پاکستان پیپلز پارٹی اور صحافیوں کا اتحاد ہمیشہ سدا بہار و مضبوط رہا ہے،بلاول بھٹو

کراچی(اے بی این نیوز    )پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میڈیا کی آزادی پر پابندیاں جمہوریت کو کمزور کرتی ہیں اور معاشرے میں تقسیم و انتشار کا سبب بنتی ہیں، ملک میں جمہوریت کی بحالی و استحکام کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی اور صحافیوں کا اتحاد ہمیشہ سدا بہار و مضبوط رہا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہید بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے ادوار حکومت کے دوران آمروں کی جانب سے صحافت پر عائد کالے قوانین کا خاتمہ کیا اور صحافت کو مکمل آزادی دی۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور اس کی قیادت کا پاکستان میں بدترین میڈیا ٹرائیل ہوتا رہا ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی کبھی آزادی اظہار و صحافت پر مصلحت کا شکار نہیں ہوئی، پیپلز پارٹی حکومت میں ہو یا حزبِ اختلاف میں ا?زادی صحافت اور صحافیوں کے تحفظ و حقوق کے حوالے سے ہمیشہ دوٹوک موقف اختیار کیا ہے،ہم جاننے کے حق کے قانون کو مزید وسعت دینے اور من و عن عملدرآمد میں یقین رکھتے ہیں۔بلاول بھٹو نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی جماعت میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا قائدانہ کردار ادا کرتی رہے گی، ملک میں آزادی صحافت کے لئے مثالی ماحول کے قیام اور عوام میں میڈیا لٹریسی کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدامت کرتی رہے گی۔وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں صحافت پر عائد پابندیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے صحافی تنظیموں، آزادیِ اظہار کے حق کے لیے کام کرنے والے اداروں و شخصیات سمیت عالمی برادری شغ اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ وادی کے صحافیوں پر مظالم کے خلاف اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آئے روز صحافیوں کو قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑتی ہیں جبکہ اس وقت تک متعدد صحافی حق گوئی کی پاداش میں بھارتی افواج کے ہاتھوں شہید بھی ہوچکے ہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ سال میں ایک دن مقبوضہ کشمیر کے صحافیوں سے یکجہتی کا دن بھی منایا جانا چاہیے۔

متعلقہ خبریں