لاہور(نیوزڈیسک) صدر پی ٹی آئی وسابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے گھر پر اینٹی کرپشن اور پولیس کا 8 گھنٹے تک جاری آپریشن ناکام ہونے کے بعد ختم کردیا۔ پولیس اور انٹی کرپشن ٹیم رات بھر پرویز الٰہی کے گھر موجود رہی اس کے باوجود سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کوگرفتار نہ کیا جاسکا، واضح رہے کہ گزشتہ رات پولیس اورا ینٹی کرپشن ٹیم نے بکتربند گاڑی کے ہمراہ چوہدری پرویز الٰہی کے گھر پر پولیس کی بھاری نفری کیساتھ دھاوا بول دیا ۔ پولیس اہلکاربکتر بند گاڑی کے ذریعے گھر کا مرکزی دروازہ توڑ کر رہائشگاہ میں داخل ، متعدد پولیس اہلکار دیواریں پھلانگ کر گھر میں کودگئے،کھڑکی کے شیشے اور گھر کے اندرونی دروازے بھی توڑ دیئے۔ آٹھ گھنٹے تک جاری آپریشن صبح ساڑھے پانچ بجے کے قریب ختم کردیا ، ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفرچٹھہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے گھر سے ناکام واپس لوٹ گئے
دوران آپریشن 27 افراد کو پولیس نے حراست میں لے لیا جن میں چوہدری پرویز الٰہی کے ملازمین اور گھریلو خواتین بھی شامل ہیں ۔ رات گئے خواتین اور ملازمین کو گھر سے تھانے منتقل کیا گیا۔
