اہم خبریں

مشیر امور کشمیر قمرزمان کائرہ سے وزیراعظم آزاکشمیر چوہدری انوار الحق کی ملاقات

اسلام آباد(نیوزڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان قمرزمان کائرہ سے آزادکشمیر کے نومنتخب وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں آزادکشمیر کی مجموعی سیاسی صورت حال اور ترقیاتی عمل پر غور کیا گیا۔ ملاقات میں مشیر اُمور کشمیر نے چوہدری انوار الحق کو وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت تمام تر سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر آزاد کشمیر حکومت کی ہر ممکن معاونت جاری رکھے گی۔اُنہوں نے کہاکہ رواں سال شدید ترین مالی مشکلات کے باوجودوفاقی حکومت نے آزادکشمیر کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے۔ملاقات میں وزیراعظم آزادکشمیر نے مشیر اُمور کشمیر کو آزادکشمیر کو درپیش معاشی و دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر مشیر اُمور کشمیر نے کہاکہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل خطے ہیں اور ان دونوں علاقوں کی تعمیر و ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کی ترقی وخوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی واضح ہدایات جاری کررکھی ہیں اور وہ اس ضمن میں اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ملاقات میں مشیر اُمور کشمیر اور وزیراعظم آزادکشمیر نے آزادکشمیر کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ وزیرا عظم آزادکشمیر نے اس موقع پر مشیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستا ن کی جانب سے نیک خواہشات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ وہ آزادکشمیر کے عوام کے دیے گئے اعتماد پر پورااترنے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے اور پاکستان و آزادکشمیر کے باہمی رشتوں کو مزید مضبوط کرنے کے لیے دن رات کوشاں رہیں گے

متعلقہ خبریں