اہم خبریں

شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین حسین قریشی کو پی ٹی آئی کاٹکٹ جاری

ملتان( نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر و سابق رکن قومی و صوبائی اسمبلی مخدومزادہ زین حسین قریشی کو پنجاب اسمبلی کے انتخابات کیلئے پی پی217 ملتان سے تحریک انصاف کا ٹکٹ مل گیا ۔ زین حسین قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان و قیادت کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا اور تیسری مرتبہ انتخابات میں ٹکٹ جاری کیا۔ میں این اے 157اور پی پی 217کی باشعور عوام کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے عمران خان کے نظریہ پر کاربند رہتے ہوئے مجھے ماضی میں بھی کامیابی دلوائی اور آگے بھی میرے اوپر اعتماد کرتے ہوئے کامیابی دلوائیں گے۔ عمران خان کا سپاہی ہوں۔ سیٹ جیت کر پی ٹی آئی چیئرمین کو تحفہ پیش کرونگا۔ ایک مرتبہ پھر پی پی 217 میں عمران خان کے نظریہ کو بھر پور کامیابی ملے گی۔ مخالفین کو شکست ہوگی۔آنے والا وقت تحریک انصاف اور عمران خان کا ہے۔ عمران خان ایک بار پھر بھاری اکثریت سے ملک کے وزیراعظم بنیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونین کونسل لوٹھڑ میں چودھری اعجاز لوٹھڑ ایڈووکیٹ و لوٹھڑ برادری کی طرف سے اپنے اعزاز میں منعقدہ افطار پارٹی و استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سابق رکن صوبائی اسمبلی ملک واصف راں‘سابق چیئرمین سعید لوٹھڑ‘ دلبر خان مہار‘ دلیر خان مہار‘ اخلاق مہار و معززین علاقہ کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں انتخابات سے راہ فرار اختیار کررہی ہیں۔ ان لوگوں کے پاس عوام کا سامنا کرنے کے لئے کچھ نہیں۔ ان کی کارکردگی قوم کے سامنے ہے۔ گزشتہ ایک سال سے عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ حکمرانوں کو عیاشیوں سے فرصت نہیں۔ انہیں نہ تو عوام کی فکر ہے اور نہ ملکی مسائل کی۔ ملک اس وقت شدید ترین معاشی اور سیاسی بحران کی زد میں ہے۔ ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد حل فوری اور شفاف انتخابات ہیں۔ یہ لوگ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔ ان کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے۔ ان کو جلد الیکشن کروانے ہونگے۔ جب بھی الیکشن ہوئے تحریک انصاف کو کامیابی ملے گی اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کو شکست ہوگی۔ انہوں نے کہا جنوبی پنجاب تحریک انصاف کا قلعہ ہے۔ سابقہ انتخابات میں تحریک انصاف نے 13جماعتوں پر مشتمل اتحاد کو شکست دی۔ اب ایک بار پھر عوام کی عدالت میں آئے ہیں۔ عوام کی طاقت سے چوروں‘ لٹیروں کا مقابلہ کریں گے اور انہیں بھر پور شکست سے نوازیں گے۔ انہوں نے کہا عوام نے عمران خان کی آواز پر ہمیشہ لبیک کہا ہے۔ وقت آگیا ہے قوم ایک بار پھر عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرے اور بلے پر مہر لگا کر مہنگائی اور بحران کے ذمہ داروں سے بدلہ لیں۔ قبل ازیں مخدومزادہ زین حسین قریشی نے یونین کونسل لوٹھڑ میں مصروف دن گزارا۔ وہ مختلف شخصیات کی رہائش گاہوں پر گئے۔ مرحومین کی وفات پر فاتحہ خوانی کی۔عمائدین سے ملے اورسیاسی صورتحال پر بات چیت کی#

متعلقہ خبریں