راولپنڈی(اے بی این نیوز )ٹریفک پولیس راولپنڈی کا چاند رات اور عید الفطر کے موقع پر ون ویلنگ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ، ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل، شہر بھر میں ناکہ بندی کی جائے گئی چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان کا چاند رات اور عید الفطر پر ون ویلنگ کرنیوالوں کے نام اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ون یلنگ ایک خونی اور جان لیوا کھیل ہے ۔ایک سروے کے مطابق ون ویلنگ جیسے خونی کھیل کی بدولت ہر سال سیکڑوں بچے اپنی جان گنوا بیٹھے اور متعددمعذور ہوجاتے ہیں۔ون ویلنگ کرنیوالے نا صرف اپنی جان کےلئے خطرہ ہیں بلکہ دوسرے روڈ یوزرکی جان و مال کے نقصان کا باعث بھی بنتے ہیں ۔ چاند رات اور عید الفطر پر ون ویلنگ کی روک تھام کےلئے سپیشل سکواڈ تشکیل دینے کیساتھ خصوصی پکٹس بھی قائم کی جارہی ہیں جو راولپنڈی شہر کی مختلف شاہراہوں جن میں پشاور روڈ، مال روڈ، جہلم روڈ اولڈ ائیر پورٹ روڈ ،مری روڈ اور سکستھ روڈوغیرہ پر ون یلنگ کرنیوالوں کے خلاف سخت اور بلا تفریق قانونی کاروائی عمل میں لائیں گے۔ لہذا میری والدین سے بھی گزارش ہے کہ آئیں آگے بڑھیں، اپنے بچوں کو حادثات سے محفوظ بنانے اور ون ویلنگ کی روک تھام کےلئے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کا ساتھ دیں۔عید الفطر اور خاص دنوں میں اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں اور کم عمری میں انھیں موٹر سائیکل، گاڑی دینے سے گریز کریںتا کہ آپ کو کسی قسم کی قانونی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ راولپنڈی پولیس ایسے تمام مکینکس جو ون ویلنگ کےلئے موٹر سائیکلوںکی آلٹریشن کرتے ہیں ان کی خفیہ طور پر مانیٹرنگ کر رہی ہے اور جومکینک اس گھناونے کھیل میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لاتے ہوئے باقاعدہ ایف آئی درج کروائی جائے گی۔