اسلام آباد(اے بی این نیوز )وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی مزاحمت اور انتشار کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ، سیاسی پارٹیوں کے پاس سب سے بڑا ہتھیار مذاکرات کا ہوتا ہے۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں کو مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھنے چاہئیں، چاہے جتنے بھی برے حالات ہوں ، پی ٹی آئی کو اپنے رویے سے یہ ثابت کرنا ہو گا وہ ایک سیاسی جماعت ہے اور مذاکرات پر یقین رکھتی ہے۔وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ مفتی عبدالشکور کی ناگہانی موت ایک بڑا المیہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اصولی موقف ہے کہ سیکورٹی ادارے ہمارے کل کےلئےاپنا آج قربان کر رہے ہیں ، سیکورٹی ادارے ہمہ وقت اس ملک کے دفاع کےلئے فرنٹ لائن پربھر پور کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع کےلئے اداروں کی قربانیوں اور شہادتوں کا ہمیں احترام ہے ،ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ائیرپورٹ پر جس واقعہ کا ذکر میں نے اپنی تقریر میں کیا اس کا غلط مطلب لیا گیا ، اس پر اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ نہیں ہونا چاہئے تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پارلیمنٹ میں بات کرنے کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہوتا کہ اپنے اداروں یا افراد کی حوصلہ شکنی کی جائے۔