اہم خبریں

پنجاب میں انتخابات کرانے کا حکم واپس لیا جائے، وزارت دفاع کی سپریم کورٹ میں درخواست دائر

سلام آباد ( اے بی این نیوز   )وفاقی وزارت دفاع نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم واپس لیا جائے۔وزارت دفاع کی جانب سے سربمہر درخواست عدالت عظمیٰ میں جمع کرائی گئی ہے۔سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ سندھ اور بلوچستان میں اسمبلیوں کی مدت مکمل ہونے پر پورے ملک میں ایک ساتھ انتخابات کا حکم دیا جائے۔وزارت دفاع نے موقف اختیار کیا ہے کہ سیکیورٹی کی صورت حال کے پیش نظر عدالت عظمیٰ 4 اپریل کا فیصلہ واپس لے۔دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایک ہی روز پورے ملک میں انتخابات موزوں ہوں گے۔واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ کے 3 رکنی بینچ نے پنجاب میں 14 مئی کو الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔اس کے علاوہ عدالت نے اسٹیٹ بینک کو حکم دیا تھا کہ وہ الیکشن کمیشن کو براہ راست فنڈز مہیا کرے تاکہ الیکشن کا انعقاد ممکن ہو سکے۔

 

متعلقہ خبریں