راولپنڈی (نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی ورکرزنے پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم وچیئرپرسن بے نظیربھٹو کی پندرہویں برسی نہایت عقیدت واحترام سے مناتے ہوئے کہاکہ صد افسوس کے بی بی کو انصاف نہ مل سکا،جس کے قاتل آج بھی آزا دہیں، جس کا دکھ کارکنوں کو عمر بھر رہے گا،ہم آج بھی انصاف کے طلب گار ہیں ،جیالوں نے پیپلزپارٹی کی اعلی قیادت سے اپیل کی کہ شفاف بنیادوں پر دوبارہ سے تحقیقات کروائی جائیں تاکہ بے نظیر کے قاتل بے نقاب ہو سکیں۔منگل کے روز سابق پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان اور صفدر عباسی کی ہدایت پرپاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کی جانب سے محترمہ بینظیر بھٹوکی پندرھویں برسی نہایت عقیدت واحترام سے راولپنڈی لیاقت باغ جائے شہادت پر منائی گئی،اس موقع پر قرآن خوانی کی گئی، جائے شہادت پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، دعائیہ تقریب کے اختتام پروسیع پیمانے پر لنگر تقسیم کیا گیا، اس موقع پرابن محمد رضوی ، ملک مظہرحسین ، مسعود بٹ، غلام علی، افضل خان، رفعت شاہین، محبوب سلطانہ، اور سینکڑوں جیالوں نے بھرپورشرکت کی،بعدازاں ابن محمد رضوی اور ملک مظہر حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ بینظیر بھٹو کو فقط پاکستان میں ہی نہیں پوری دنیا میں ان کی دانشمندی اور فہم وفراست کے باعث پہچانہ جاتا تھا،ان کااحترام کیاجاتاتھا، ستائیس دسمبر کا سانحہ بھولنے والا نہیں، صد افسوس کے بی بی کو انصاف نہ مل سکا ،جس کا دکھ کارکنوں کو عمر بھر رہے گا، آج بھی ہم انصاف کے طلب گار ہیں ،ہماری پیپلزپارٹی کی اعلی قیادت سے اپیل ہے کہ شفاف بنیادوں پر دوبارہ سے تحقیقاکروائی جائیں تاکہ بے نظیر بھٹوکے قاتل بے نقاب ہو سکیں،تقریب کے اختتام پر سانحہ کراچی کارساز، اسلام آباد پیپلز پارٹی کے کیمپ آفس پرحملہ اور لیاقت باغ میں خود کش دھماکہ سے شہید ہونیوالے ساتھیوںکے درجات بلندی کے لئے دعاکی گئی، دوسری جانب کارکنوں کی بڑی تعداد نے اپنے اپنے گھروں میں بھی بینظر بھٹو کے لئے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا ۔