سکھر(نیوز ڈیسک)سپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت سے ملک کا بہت بڑا نقصان ہوا، اس وقت ملک میں دہشت گردی پھر سر اٹھا رہی ہے۔پیر کو سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ شہید بی بی نے ہمیشہ مفاہمت کی سیاست کی، اس وقت بھی ملک کو بھائی چارے اور مفاہمت کی سیاست کی ضرورت ہے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پہلے آدمی نے حقیقت سے پردہ اٹھایا، عارف علوی صاحب پر عمران خان اب کتنا اعتماد کرتے ہیں، عمران خان کی مشہوریت کا پتا چل گیا کہ وہ کہاں سے آئے تھے، سینیٹ انتخاب کس نے جتوایا تھا؟۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں انتہا پسند سوچ پروان چڑھی ہے، اس دہشت گردی کے خلاف سب کو مل کر سوچ سمجھ کر چلنا ہوگا، جوڈیشری کے فیصلوں کا پی پی نے ہمیشہ خیر مقدم کیا ،عدالت کے فیصلے پر یقینا سوال تو اٹھے ہیں، بینچ پر بینچ ،ملک میں اس حوالے سے بحث ضرور ہے۔