اہم خبریں

توشہ خانہ کیس جلد سماعت کیلئے مقرر کیا جائے الیکشن کمیشن کی درخواست ،عدالت نے خارج کردی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس ،عدالت نے الیکشن کمیشن کی درخواست خارج کردی۔ تفصیلات کے مطابق آج ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر سماعت کی جس میں عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ آج کل تحریک انصاف کے کیسز کی وجہ سے بہت مصروفیات ہیں، کیسز کی بھر مار کے باعث وکلاء کو تیاری کے لیے بھی وقت چاہیے ہوتا ہے جبکہ وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی مرضی سے 29 اپریل کی تاریخ لی، 2 دن بعد الیکشن کمیشن کو خیال آیا ہے کہ تاریخ جلد مقرر کرانی ہے ۔ وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ عمران خان کیخلاف کیس ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے دائر کیا تھا ، علی حیدر گیلانی کیس کا حوالہ دیتے ہوئے 1 سال ہو گیا اور علی حیدر گیلانی کے کیس میں اب تک فرد جرم عائد نہیں ہوئی الیکشن کمیشن عمران خان کے خلاف کیس میں زیادہ دلچسپی ظاہر کر رہا رہے جبکہ علی حیدر گیلانی کیخلاف کیس میں ڈیڑھ ماہ کی تاریخ دی ہوئی ہے ۔ الیکشن کمیشن کی ایسی درخواست سے سارا نظام درہم برہم ہو رہا ہے، کیس کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے اثر و رسوخ کے بغیر ہونا چاہے ، الیکشن کمیشن چاہتا ہے کہ عمران خان پر جرم عائد ہو جبکہ پارلیمنٹ میں بیٹھے ارکان پر کیسز درج ہیں لیکن وہ تو اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں ، الیکشن کمیشن پر سیاسی اثر و رسوخ نظر نہیں آنا چاہیے، جب ضرورت ہوئی عمران خان عدالت کے سامنے پیش ہو جائیں گے ۔ جوابی دلائل پر الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر امتیازی سلوک کرنے کا الزام لگانا غلط ہے، سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا کہ کرپٹ پریکٹسز پر 3 ماہ کے اندر ٹرائل کورٹ فیصلہ کرے ،الیکشن کمیشن کی درخواست میرٹ اور سپریم کورٹ کے فیصلوں پر دائر کی گئی ۔ اس پر عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ ابھی تو یہی فیصلہ نہیں ہوا کہ توشہ خانہ کیس قابل سماعت ہے بھی یا نہیں۔ دلائل مکمل ہونے پر ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے توشہ خانہ کیس کی سماعت جلد مقرر کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ۔عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کی درخواست خارج کر دی۔

متعلقہ خبریں