اہم خبریں

قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ کرانے کی سینیٹ نے کثرت رائے سے منظوری دی ہے، اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد(اے بی این نیوز   )وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ کرانے کی سینیٹ نے کثرت رائے سے منظوری دی ہے، اپوزیشن ارکان کو واک آئوٹ اور بائیکاٹ کی عادت پڑ گئی ہے، جب پچھلے سال اپریل میں قومی اسمبلی توڑ دی گئی تھی تو اس وقت انہیں شرم نہیں آئی، ایک شخص کی ذاتی انا کیلئے دو صوبائی اسمبلیاں توڑی گئی ہیں، عدالت بھی کہہ رہی ہے کہ ون مین شو نہیں چلے گا، بینچ فکسنگ کر کے سیاست نہیں ہوتی۔ پیر کو ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شہزاد وسیم اور دیگر اپوزیشن ارکان کے نکتہ اعتراض کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جمہوری روایات کا خیال رکھے، انہوں نے تو پریکٹس اینڈ پروسیجر بل اور وکلاء کے تحفظ کے بل پر بھی احتجاج کیا تھا، اس وقت بھی انہیں ایوان میں شکست ہوئی تھی، آج ایوان بالا میں بلوچستان، سندھ اور خیبرپختونخوا کے سینیٹرز نے قرارداد پیش کی ہے لیکن یہ صرف کاغذ پھاڑنے آتے ہیں، اپوزیشن ارکان چلے ہوئے کارتوس ہیں، پارلیمانی روایات اور قواعد کا انہیں احترام کرنا چاہئے اور ایک دوسرے کی بات سننے کا حوصلہ ہونا چاہئے، اس ایوان کو ٹی وی شو نہ بنائیں، جب پچھلے سال اپریل میں قومی اسمبلی توڑ دی گئی تھی تو اس وقت انہیں کیوں شرم نہ آئی، ایک شخص کی ذاتی انا کیلئے دو صوبائی اسمبلیاں توڑی گئی ہیں تو آج یہ اس کو بھگتیں، ہم نے دن کی روشنی میں قرارداد منظور کی ہے، بینچ فکسنگ کر کے سیاست نہیں ہوتی، جمہوریت ہمیں نہ سکھائی جائے، حکومت میں شامل سیاسی جماعتوں کے قائدین اور کارکنوں نے جمہوریت کیلئے جیلیں کاٹیں، لاٹھیاں کھائی ہیں اور پھانسی کے پھندے قبول کئے، یہ الیکشن سے نہیں بھاگ رہے، وفاق سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے ایک ساتھ الیکشن کرانے سے ملک مضبوط ہو گا۔

متعلقہ خبریں