اسلام آباد(اے بی این نیوز) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بارے میں اپنے بیان میں کہا کہ سپریم کورٹ کا چار تین کا فیصلہ واضح ہے۔ چار جسٹس صاحبان نے اختلافی نوٹ کے ذریعے ازخود نوٹس کو مسترد کیا لہذا چیف جسٹس کی ذمہ داری ہے ہے وہ اکثریتی فیصلے کو قبول کریں۔ وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ نے کہا کہ ہمارے لئے انتہائی تشویش ناک ہے کہ ایک طرف آئین و قانون کی بالادستی کی باتیں کی جائیں دوسری طرف اس سے انحراف کیا جائے، جیسا کہ پنجاب میں 90 دن کا آئینی تقاضے پر عملداری کی بات کی جا رہی ہے اور خیبر پختونخوا کے معاملے میں وہی آئینی تقاضا نظر انداز کیا جاتا ہے۔ وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ نے کہا کہ کہ عدالتی و آئینی بحران کا واحد حل فل کورٹ کی تشکیل ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ صدر، پارلیمان کے فیصلوں کے استحقاق کو مجروح کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے اور ہر جمہوریت پسند قوت کی ذمہ داری ہے کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے اپنا کردار ادا کریں مگر صدر اسوقت تحریک انصاف کے کارکن کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہے ہیں جو کہ افسوسناک ہے۔
