اہم خبریں

سابق امریکی صدر پر فرد جرم عائد، ڈونلڈٹرمپ کا 34 الزامات ماننے سے انکار

نیویارک (نیوزڈیسک ) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےنیویارک کی عدالت میں پیش ہوکر خود کو قانون کے حوالے کر دیا۔سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر 2016 کی انتخابی مہم کے فنڈز کا غلط استعمال اور بزنس ریکارڈز میں کرپشن کرنے کے الزامات پر فرد جرم عائد کی گئی جس میں سے 34 الزامات کو سابق صدر نے مسترد کردیا۔سابق امریکی صدر مین ہٹن کریمنل کورٹ میں پیش ہوئے، اس موقع پر عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جبکہ پیشی کے موقع پر ان کے مخالفین اور سپورٹرز کے درمیان کشیدگی کا ماحول دیکھا گیا۔ٹرمپ عدالت میں پیشی کے موقع پر 4 وکیلوں کے ساتھ عدالت آئے اور سیکرٹ سروس کے اہلکار بھی ان کے ہمراہ تھے ، انہیں ہتھکڑیاں نہیں پہنائی گئیں ، عدالت میں ان کے فنگر پرنٹس لئے گئے، کمرہ عدالت میں پیشی کے موقع پر ٹی وی کیمرے موجود نہیں تھے۔بعدازاں سابق صدر کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد مین ہٹن کی عدالت سے واپس فلوریڈا روانہ ہوگئے۔قبل ازیں ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک پیغام میں خدشہ ظاہر کیا تھا کہ مجھے گرفتار کیا جاسکتا ہے، انکا کہنا تھا کہ یہ سب بہت غیریقینی ہے، یقین نہیں آتا کہ امریکا میں یہ سب ہورہا ہے۔خیال رہے کہ امریکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی موجودہ یا سابق صدر کو مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

متعلقہ خبریں