لاہور(نیوزڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی سرکاری عمارتوں کی بجلی شمسی توانائی پرمنتقل کرنے کے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کی روزمرہ ضروریات کو پورا کرنے کیلئے شمسی توانائی کے استعمال پر جائزہ اجلاس لاہور میں ہوا، اس موقع پر وزیراعظم نے وفاقی سرکاری عمارتوں میں بجلی کے استعمال کی شمسی توانائی پر جلد از جلد منتقلی پر زور دیا۔وزیراعظم نے منصوبے کی جلد تکمیل میں درپیش عملی مسائل کو موثر طریقے سے حل کرنے کیلئے جامع حکمت عملی بنانے کی خصوصی ہدایت کی۔ اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ بجلی کی پیداوار میں شمسی توانائی کا استعمال ہی ملکی توانائی بحران اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے جیسے مسائل کو موثر طریقے سے حل کر سکے گا۔