اہم خبریں

امپورٹڈ حکمرانوں نے انتقامی کارروائیوں میں آمریت کوبھی پیچھے چھوڑ دیا،شاہ محمود قریشی

ملتان( نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا یک نکاتی ایجنڈا فوری اور شفاف اتنخابات ہیں۔ موجودہ غیر یقینی سیاسی صورتحال میں جمہوری نظام ڈی ریل ہو سکتا ہے۔ آئین کی بالا دستی اور فوری الیکشن تحریک انصاف کا مطالبہ ہے۔ملک کی 70فیصد عوام کا مطالبہ فوری الیکشن ہیں۔ پی ڈی ایم الیکشن سے راہ فرار چاہتی ہے۔ اسے اپنی شکست واضح نظر آرہی ہے۔ امپورٹڈ حکمرانوں کو نا چاہتے ہوئے بھی الیکشن کروانا ہونگے۔ شفاف انتخابات صرف تحریک انصاف کا مطالبہ نہیں بلکہ اس وقت ملک کے لئے ناگزیر ہو چکے ہیں۔ انتخابات میں جتنی تاخیر ہوگی ملک اور نظام کے لئے اتنی مشکلیں بڑھتی جائیں گی۔عوامی اجتماع سےخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان قوم کی آواز بن چکے ہیں۔ عوام نے عمران خان کے بیانیہ کو من و عن تسلیم کیا۔ لاہور کا مینار پاکستان کا اجتماع عوام کا عمران خان کے حق میں ریفرنڈم ثابت ہوا۔ حکومت کی جانب سے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔ کینٹینر رکھے گئے۔ جلسہ گاہ میں پانی چھوڑا گیا۔ پنجاب بھر میں تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا۔ بے گناہ اور نہتے کارکنوں کو ان کے گھروں سے گرفتار کیا گیا۔ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔ لیکن ہمارے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ جیل بھرو تحریک میں میں نے خود سب سے پہلے گرفتاری پیش کی۔ وہاں کارکنوں کے حوصلے بلند ہوئے۔ ہم نے خندہ پیشانی سے حکومتی جبر اور سختی برداشت کی۔ ان سب رکاوٹوں کے باوجود لاہور میں تحریک انصاف کا جلسہ کامیاب رہا۔ لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ جلسوں میں عوام کی بھر پور شرکت نے الیکشن سے قبل فیصلہ دے دیا ہے کہ آنے والا وقت ایک بارپھر عمران خان اور تحریک انصاف کا ہے۔ انہوں نے کہا حکومت تحریک انصاف کے خلاف انتقامی کارروائیاں کررہی ہے۔ حکومت نے انتقامی کارروائیوں میں فسطائیت کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ امپورٹڈ حکمرانوں نے انتقامی کارروائیوں میں آمریت کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

متعلقہ خبریں