لاہور(نیوزڈیسک) انسداد دہشتگردی عدالت نے زمان پارک میں ہنگامہ آرائی کیس میں پی ٹی آئی کے102 ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ہنگامہ آرائی کے دوران پولیس پر تشدد، پولیس گاڑیوں کو جلانے اور کار سرکار میں مداخلت کرنے پر عدالت نے ملزمان کو 3 اپریل کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔دوران سماعت، پراسیکیوشن نے استدعا کی کہ ملزمان سے اسلحہ، پیٹرول بم اور ڈنڈے سوٹے برآمد کیے گیے لہٰذا عدالت ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے۔وکیل ملزمان نے کہا کہ ملزمان کا اس مقدمہ سے کوئی تعلق نہیں ہے، مقدمے میں شامل دفعات دیکھیں اور یہ ثابت ہی نہیں ہوتا جبکہ کسی بھی مضروب کا میڈیکل موجود نہیں ہے۔ میرا ملزم دل کا مریض ہے اور کارڈیالوجی میں چیک اَپ کے لیے گیا تھا، میرے ملزم کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا۔ملزمان کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت میرے ملزم کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا حکم دے اور ایف آئی آر میں درج مقدمے کے ملزمان کو ڈسچارج کیا جائے۔ملزمان کے خلاف تھانہ ریس کورس میں مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات اور اضافی نفری تعینات کی گئی۔















