لاہور(نیوز ڈیسک) زمان پارک آپریشن ،پولیس پرتشدد کیخلاف کیس، بیٹھ کر آپ خود فیصلہ کریں ورنہ عدالت حکم سنائے گی ، عدالت کی فریقین کو ہدایت ، عدالت نے زمان پارک آپریشن روکنے کے حکم میں کل تک توسیع کردی ۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے زمان پارک لاہور میں پولیس تشدد کے خلاف درخواست پر سماعت کی جس میں انہوں نے ریمارکس دیئے کہ قانون میں عدالت کا سیکیورٹی دینا موجود ہے، سیکیورٹی دینا آئی جی پنجاب کا کام ہے، آپ آئی جی اور سیکرٹری کے ساتھ بیٹھ کر معاملات طے کریں، خدارا سسٹم کو چلنے دیں، آج ہی بیٹھ کر اس معاملے کو طے کریں ،اتوار کا جلسہ ایک دن آگے پیچھے کرلیں، آپ خود فیصلہ کریں ورنہ عدالت حکم سنائے گی۔اس موقع پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کوئی نو گو ایریا بن جائے، 4 ہزار 200 بغیر ہتھیار کے فورس لگائی، آگے سے پیٹرول بم پھینکے گئے، سیکیورٹی دینا میری ذمہ داری ہے، آج ہی بیٹھ کر مسئلے پر بات کرلیتے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت کل 11 بجے تک ملتوی کردی۔
