اہم خبریں

عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف احتجاج پر مختلف شہروں میں کارکنوں پر مقدمات درج

اسلام آباد(اے بی این نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف احتجاج پر پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف 2 مقادمات درج کرلئے گئے۔پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف اسلام آباد اور راولپنڈی میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔تھانہ سٹی میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمہ ڈی ایف سی حسنین رضا بھٹی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔مقدمے میں کار سرکار میں مزاحمت، راستہ روکنے سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔مقدمے میں واثق قیوم عباسی، اعجازجازی، عمرتنویر، آصف محمود اور پی ٹی آئی کے 14 رہنماؤں سمیت 30 کارکنان کو نامزد کیا گیا ہے۔تھانہ ترنول میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، کارکنان کے خلاف مظاہرہ اور روڈ بند کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔دوسری جانب عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف کراچی میں احتجاج کے معاملے پر پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے نائب صدر مسرور سیال اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔مقدمہ نیشنل ہائی وے پر احتجاج کرنے پر شاہ لطیف تھانے میں درج کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق احتجاج نیشنل ہائی وے مرغی خانہ کے قریب دونوں روڈ پر کیا گیا تھا، ڈاکٹر مسرور سیال نے کارکنان کو اشتعال دلاکر اور ورغلا کر اکھٹا کیا۔پولیس کے مطابق مقدمے میں 250 کے قریب نامعلوم عہدیداران اور کارکنان کے نام بھی شامل کئے گئے۔مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ احتجاج کی وجہ سے دونوں اطراف ٹریفک کی آمد و رفت میں خلل پیداہوا، مشتعل افراد نے پتھراؤ کیا اور گاڑیوں کے شیشے توڑے، سرکاری گاڑیوں، موبائیلوں اور عام لوگوں کی گاڑیوں پر ڈنڈے برسائے اور سرکاری املاک کو نقصان بھی پہنچایا گیا۔مقدمے کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ کافی سمجھانے کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے عہدیداران نے بات نہیں سنی، جان سے مارنے کی نیت سے فائرنگ کرکے خوف و ہراس پھیلایا گیا۔

متعلقہ خبریں