اسلام آباد(نیوز ڈیسک) جمہوریہ بیلاروس کے تین رکنی وفد نے جمعرات کے روز چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے ملاقات کی۔بیلاروس کے وفد کی قیادت نائب وزیر برائے ہنگامی صورتحال، میجر جنرل بولوٹوف ایگورنے کی۔کرنل فیسنکا سیارہی،انٹرنل سروسزکے لیفٹیننٹ کرنل ہیشون کانستانتین بھی وفد کا حصہ تھے۔اس موقع پر پاکستان میں بیلاروس کے سفیر اینڈری میٹیلیسا بھی موجود تھے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے فراہم کی جانے والی امداد پر بیلاروس کی حکومت اور وفد کا شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے اور مشاہدات کے تبادلے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے علاقائی سطح پر ایک ادارہ جاتی طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا، چیئرمین این ڈی ایم اے نے علاقائی معاون اداروں کا ایک مشترکہ گروپ بنانے کی تجویز بھی پیش کی جس میں تین بنیادی اجزاء کو شامل کیا جا ئے جیسا کہ تحقیق کے لیے اکیڈمک گروپ کی تشکیل بشمول تھنک ٹینکس، جدید ترین ٹیکنالوجی کے اصولوں پر استوار ماڈیولز پر آفات سے نمٹنے کے شعبہ سے منسلک افراد کی تربیت اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے پہلے والے دونوں اقدامات کے لیے فنڈ کی فراہمی۔انہوں نے وفد کو یہ بھی بتایا کہ پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے حوالے سے اپنے طریقہ کار کو تبدیل کرنے پر کام کر رہا ہے تاکہ آفات سے پہلے آفات سے نمٹنے کی تیاری کے حوالے سے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا سکیں۔