کراچی (نیوزڈیسک)اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے کہا ہے کہ ملکی زرمبادلہ ذخائر میں مسلسل پانچویں ہفتے اضافہ ہوا ہے۔مرکزی بینک کے مطابق 3 مارچ کو ختم ہوئے ہفتے میں ملکی زرمبادلہ ذخائر 48 کروڑ 61 لاکھ ڈالر بڑھے ہیں۔تین مارچ تک ملک کا زرمبادلہ ذخیرہ 9 ارب 75 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہا۔ ایس بی پی کے مطابق حکومت پاکستان کے 50 کروڑ ڈالر چین سے کمرشل قرض لینے کے سبب یہ اضافہ رہا۔مرکزی بینک کے ذخائر 24 فروری سے 3 مارچ کے دوران 48 کروڑ 69 لاکھ ڈالر بڑھ کر 4 ارب 30 کروڑ ڈالر ہوگئے ہیں۔کمرشل بینکوں کے ذخائر 8 لاکھ ڈالر کم ہو کر 5 ارب 45 کروڑ ڈالر رہے۔رواں سال جنوری کے اختتام پر ملکی زرمبادلہ ذخائر 8 ارب 39 کروڑ ڈالر رہ گئے تھے جن میں پانچ ہفتوں میں ایک ارب 36 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا۔















