اسلام آباد ( اے بی این نیوز )یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن پر وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت سبسڈی دی جارہی ہے ۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت بنیادی اشیاء پر خصوصی سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔ جن میں آٹا، چینی، گھی، چاول اور دالیں شامل ہیں۔ حالیہ مہنگائی کی لہر، عام مارکیٹ کی قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال، ڈالر کی عدم دستیابی اور جنرل سیلز ٹیکس میں اضافے کے باعث یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو سامان مہیا کرنے والی کمپنیز نے ریٹس بڑھا دیے ہیں جس کی وجہ سے قیمتوں پر نظرثانی کرنی پڑی۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹر ڈ صارفین کیلئے قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں۔ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹر ڈ صارفین کو گھی 300 روپے فی کلو، چینی 70 روپے فی کلو جبکہ آٹے کا 10کلو تھیلہ 400روپے میں فراہم کیا جا رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق عام صارفین کیلئے قیمتوں میں اضافے کے بعد گھی 490روپے فی کلو دستیاب ہوگا۔واضح رہے کہ اضافے کے باوجود یوٹیلیٹی سٹورز پر دستیاب اشیاء کی قیمتیں عام مارکیٹ کی نسبت بہت کم ہے ۔یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے رمضان ریلیف پیکج کیلئے اپنی تیاری مکمل کرلی ہے۔ تمام سبسڈائزڈ اشیاء کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔















